سڈنی: آسٹریلیا نے سری لنکا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 64 رنز سے شکست دے دی۔
آسٹریلیا کے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 376 رنز بنائے جس کے جواب میں سری لنکن ٹیم نے بھرپور مقابلہ کیا لیکن پوری ٹیم 46.2 اوورز میں 312 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ سری لنکا کی جانب سے اوپننگ بلے باز لاہیرو تھرمانے دوسرے ہی اوور میں ایک رنز بنانے کے بعد مچل جانسن کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے جس کے بعد دلشان اور کمارسنگاکارا نے ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں اور دوسری وکٹ پر130 رنز کی شراکت قائم کی ۔تلکرانے دلشان 60، مہیلا جے وردھنے 19، سنگاکارا 102، کپتان انجیلو میتھیوز 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل جانسن نے 3، جیمز فالنکر اور مچل اسٹارک نے 2،2 جب کہ شین واٹسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل کینگروز کپتان مائیکل کلارک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بیٹسمینوں نے درست ثابت کر دکھایا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 376 رنز بنائے۔ جارح مزاج بلے باز گلین میکسویل ایک مرتبہ پھر اپنے رنگ میں دکھائی دیئے اور انہوں نے صرف 53 گیندوں پر 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 102 رنز بنائے جب کہ ڈیوڈ وارنر 9، ایرون فنج 24، اسٹیو اسمتھ 72 ، مائیکل کلارک 68، بریڈ ہیڈن 25، مچل جانسن 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ جیمس فالکنر اور مچل اسٹارک بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کی جانب سے لیستھ ملنگا اور تھسارا پریرا نے 2،2 جب کہ انجلیو میتھیوز، سیکوج پاراسانا اور تلکرانے دلشان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہتری کارکردگی پیش کرنے والے گلین میکسویل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
0 comments:
Post a Comment