Sunday, March 8, 2015

شمسی توانائی سے اُڑنے والا ’سولر امپلس 2‘ دنیا کے سفر پر روانہ

دنیا کے گرد چکر لگانے سے پہلے پائلٹس نے ابوظہبی میں کئی بار ٹیسٹ فلائٹ کی ہے
شمسی توانائی سے چلنے والا ایک ہوائی جہاز پیر کو دنیا کے گرد چکر لگانے کے مشن پر روانہ ہو گیا ہے۔
’سولر امپلس 2 ‘ نامی یہ جہاز اگر اس کوشش میں کامیاب ہو جاتا ہے تو یہ ایک نیا ریکارڈ ہو گا۔
پیر کو گرینچ کے معیاری وقت کے مطابق رات 2:30 پر یہ جہاز ابوظہبی سے روانہ ہوا اور پہلے مرحلے میں عمان سے ہوتا ہوا بھارت پہنچے گا۔
اور اگلے پانچ ماہ کے دوران یہ مختلف براعظموں سے گزرتا ہوا دنیا کے گرد اپنی چکر پورا کرنے کی کوشش کرے گا۔
ایک نشست والے اس جہاز کو سوئٹززلینڈ کے دو پائلٹ آندرے بوریش برگ اور برتروں پیکارڈ وقفے وقفے سے اڑائیں گے اور یہ پرواز کے دوران جہاز کو مختلف شہروں میں روکیں گے تاکہ جہاز کو درکار مرمتی کام کیا جا سکے۔ اسی دوران ماحول دوست 
ٹیکنالوجی کی تشہیر بھی کی جا سکے۔
جہاز رات کو بھی پرواز کر سکے گا
سولر امپلس کے سی ای او نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ’یہ ایک خاص جہاز ہے اور ہمیں بڑے سمندروں کے اوپر سے گزرنا ہے۔ ہمیں ہو سکتا ہے کہ اس کی پرواز کو مسلسل پانچ دن اور پانچ راتیں جاری رکھنا پڑے اور یہ ایک بڑا چیلنج ہو گا اور ہمارے پاس چین کے اوپر سے گزارنے میں اگلے دو ماہ ہوں گے اور اس کے لیے ہمیں تیاری کرنا ہو گی۔‘
شمسی توانائی سے چلنے والے جہاز کے منصوبے نے پہلے ہی متعدد ریکارڈ بنا رکھے ہیں۔ جس میں 2013 میں امریکہ کو عبور کرنا شامل تھا تاہم دنیا کے گرد چکر لگانا ایک بالکل مختلف منصوبہ ہے۔
اس مقصد کے لیے ’سولر امپلس ون‘ کے مقابلے میں ایک بڑا جہاز ’سولر امپلس ٹو‘ تیار کیا گیا ہے۔
نئے شمسی جہاز کے پروں کی لمبائی 72 میٹر ہے اور جمبو جیٹ کے مقابلے میں بڑے ہیں اور اس کا وزن صرف 2.3 ٹن ہے۔ اس کا کم وزن کامیابی کے حوالے سے اہم ہو گا۔
شمسی توانائی حاصل کرنے کے لیے اس کے پروں پر 17 ہزار سولر سیلز نصب ہیں اور توانائی کو جمع کرنے کے لیے لیتھیئم بیٹریاں بھی نصب ہوں گی جس کی مدد سے جہاز رات کو بھی پرواز کر سکے گا۔
بحرالکاہل اور بحر اوقیانوس کو عبور کرنے کے لیے رات کی پرواز انتہائی اہم ہو گی کیونکہ اس کی اوسط رفتار 72 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔
جہاز میں پائلٹ کے کاکپٹ کا سائز بھی بہت کم ہے اور یہ 3.8 کیوبک میٹر ہونے کی وجہ سے پائلٹ کو جسمانی مشکلات کا سامنا بھی ہو گا۔
پرواز کے دوران پائلٹ کو وقفوں سے صرف 20 منٹ کی نیند لینے کی اجازت ہو گی۔

0 comments:

Post a Comment