نیپیئر: آئی سی سی ورلڈ کپ کے 31 ویں گروپ میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
نیوزی لینڈ کے میکلین پارک نیپیئر میں کھیلے گئے میچ میں افغان ٹیم کے کپتان محمد نبی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 48 ویں اوور میں افغان ٹیم 186 رنز پر ڈھیر ہوگئی جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے ہدف 36.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔ کیویز کی جانب سے مارٹن گپٹل 57 ، برینڈم میکولم 52، کیس ولیمسن 33 اور گرینڈ ایلیٹ 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ روس ٹیلر 24 اور کوری اینڈریسن 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ افغانستان کے شاہ پور زدران اور محمد نبی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل افغان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اننگ کا آغاز کیا تو ان کی پہلی وکٹ دوسرے ہی اوور میں گر گئی جس کے بعد کیویز بولرز نے افغان ٹیم کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ دیا اور بلے باز آتے اور پویلین جاتے رہے۔ ایک موقع پر افغانستان کے 6 بلے باز 59 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو چکے تھے لیکن نجیب اللہ زدران اور سمیع اللہ شنواری کے درمیان 86 رنز کی شراکت نے ٹیم کااسکور 145 رنز تک پہنچا دیا، نجیب اللہ 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ سمیع اللہ نے54 رنز کی ذمہ دارانہ اننگ کھیلی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈینئیل ویٹوری نے 4، ٹرینٹ بولٹ نے 3، کورے اینڈرسن نے 2 جب کہ ایڈم ملنے نے ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے ڈینئل ویٹوری کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
0 comments:
Post a Comment